”خوش رہئے .... محفوظ رہئے“

”خوش رہئے .... محفوظ رہئے“


مکرمی! دنیا میں آج تک جتنی بھی پریشانیاں یا تکلیفیں حضرت انسان کو پیش آ رہی ہیں۔ وہ اس کے اپنے اعمال ہی کا نتیجہ ہیں.... ہاں اللہ تعالیٰ کے مقرب بندے اس سے مستثنیٰ ہیں کہ انہیں ہر پل آزمائش کا سامنا رہتا ہے جس پر وہ اللہ تعالی کی رحمت سے پورا اترتے ہیں۔ آج کل وطن عزیز کے جو حالات ہیں ان میں ہر شخص خواہ وہ کسی بھی طبقے سے تعلق رکھتا ہو اپنی جگہ خوف زدہ ہی نظر آتا ہے۔ صبح گھروں سے سکول اور دفاتر سے نکلنے کے بعد مائیں بچوں کے لئے اور خواتین اپنے شوہر نامداروں کے لئے پریشان رہتی ہیں کہ خیریت سے واپس آ جائیں اور مرد حضرات پیچھے گھر والوں کے لئے پریشان کہ آئے دن اخبارات ڈکیتیوں سے بھرے ہوتے ہیں.... کہیں شاپنگ کرنے چلے جائیں تو ہر لمحہ ڈھڑکا لگا رہتا ہے کہ کہیں بم دھماکے کی نذر ہی نہ ہو جائیں۔ ان سب خطرات کا انتہائی آسان حل موجود ہے اگر عمل کرنا چاہیں تو سب سے پہلے اللہ پاک کے سامنے جھکیئے یعنی فرض نمازوں کا باقاعدہ اہتمام کیجئے اور اپنے گناہوں پر خوب رو رو کر استغفار کریں کہ ایک نماز کا قضا ہو جانا نقصان کے اعتبار سے ایسا ہی ہے کہ گھر والے اور مال و اسباب اس سے چھن جائے۔
گھر سے نکلتے وقت ”بسم اللہ توکلت علی اللہ لاحول و لا قوة الا باللہ“ پڑھ کر نکلیں۔ انشااللہ حفاظت ہو گی اور آیت الکرسی اور سورہ قریش پڑھ کر نکلنے سے واپسی تک گھر پر کوئی آفت نہیں آتی (فوائد القرآن) گھر والے بھی گھروں کے مین دروازے احتیاط سے بند رکھا کریں۔ آپ نے فرمایا ”جو شخص شروع دن میں آیت الکرسی اور سورہ مومن کی پہلی آیات پڑھ لے وہ اس دن ہر برائی اور تکلیف سے محفوظ رہے گا۔“ یاد رکھئے اللہ پاک کے حکم اور نبی اکرم کے بتائے ہوئے اعمال میں ہی کامیابی ہے۔ اور کہیں نہیں بے شک.... اللہ پاک ہم سب کو یقین کے ساتھ عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے (آمین ثم آمین) (شبر علی چنگیزی لاہور 0333-3636499)