ترقی کیلئے شعبہ تعلیم کا فروغ ضروری ہے

ایڈیٹر  |  مراسلات

مکرمی! قوموں کے عروج و زوال میں تعلیم کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ انسانی تاریخ گواہ ہے کہ کسی بھی قوم نے اقوام عالم پر صرف اس وقت تک حکمرانی کی جب تک اس کو دوسروں پر تعلیم کے میدان میں برتری رہی۔ یونان، گنداھارا، بغداد اور روم کی تہذیبوں کے ہاتھ میں زمانے کی باگ ڈور اسی وقت تک رہی جب تک ان کو دنیا میں تعلیمی برتری حاصل تھی۔ آج دنیا کے تمام ممالک ترقی کیلئے تعلیم پر زور دے رہے ہیں۔ وطن عزیز میں شعبہ تعلیم کے فروغ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ ہمارا پیارا ملک تعلیم کے میدان میں ترقی کی منزلوںکو طے کرتے ہوئے دنیا کی ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہو سکے۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ علاقہ تھل سمیت وطن عزیز کے دیگر تمام پسماندہ ترین علاقوں میں معیاری تعلیمی اداروں کے قیام پر بھرپور توجہ دی جائے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم سمیت دیگر تمام جدید علوم کے فروغ کے لئے بھی خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں۔ (راجہ نور الٰہی عاطف نور پور تھل)