اصل میں عید کس کی؟؟

ایڈیٹر  |  مراسلات

مکرمی!عید ایک ایسا اسلامی تہوار ہے جو مومنوں کو پورے ماہ روزے رکھنے اور خاص اللہ کی عبادت کرنے اور اس کی خوشنودی حاصل کرنے کے بعد انعام کے طور پر ملتا ہے اور مسلمان پورے ماہ روزے رکھتے ہیں اور اپنی بھوک اور پیاس اللہ کو راضی کرنے کیلئے برداشت کرتے ہیں جبکہ یہ بھوک اور پیاس اللہ کے لئے ڈر اور خوف اور اس سے محبت کی دلیل ہوتی ہے اور روزہ مومنوںمیں بھائی چارہ پیدا کرنے اور قائم کرنے کا ذریعہ بھی بنتا ہے لیکن آج کل بہت سے لوگ گرمیوں میں روزے ہونے کی وجہ سے اس فرض عبادت کو چھوڑ دیتے ہیں بغیر یہ جانے کے اس کا کفارہ کیا ہوگا۔ تاہم ایسے لوگ عید کی تیاریوں میں بھرپور مشغول نظر آتے ہیں اور عید کی تیاریوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور دکھاوے کیلئے افطار پارٹیوںکا اہتمام کرتے ہیں۔ روزہ ایک فرض عبادت ہے اور اس کو بلاوجہ چھوڑنا سخت گناہ ہے۔ میری ایسے لوگوں سے گزارش ہے کہ اس فرض عبادت کو ضائع نہ کریں‘ روزہ رکھیں اور اللہ کی عبادت کریں۔ تب ہی صحیح معنوں میں عید کی خوشی کو محسوس کرسکیںگے اور یہ احساس بھی پیدا ہوگا کہ اصل میں عید کس کی ہے۔(رفعت تحسین گریژن یونیورسٹی لاہور کینٹ)