مکرمی! عید الاضحی کے بعد ماہ محرم بھی ختم ہونے کو ہے لیکن متعلقہ حکام اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں پیاز کی قیمتوں میںاستحکام لانے میں بری طرح ناکام ہوگئے۔ احمد پور سیال میں عید الاضحی سے قبل پیاز 30روپے فی کلو کے حساب بکنے والے پیاز کی قیمتیں ایک دم پر لگنے کی وجہ سے 120روپے فی کلو تک پہنچ گئیں۔جن میں عید کے بعد دو دن کے لیے60روپے کلوکے حساب سے کمی آئی اور کچھ حد تک غریب صارفین کو ریلیف ملا۔جس کے بعد پھر سے پیازکی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں اور80روپے فی کلو تک پہنچ کر قیمتوں میں بریک لگ گئی اور تاحال اسی قیمت پر پیاز فروخت ہورہا ہے جس کی وجہ سے پیاز غریب آدمی کی پہنچ سے دور ہو کررہ گیا۔ سبزی منڈی میں بھی پیاز کی قیمتوں کو سن کر ہوش اڑ جاتے ہیں۔ پیاز اور ٹماٹر کے ساتھ ساتھ دوسری سبزیاں بھی مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں۔ دالیں بھی غریب صارفین کی قوت خرید سے باہر ہیں۔ کوئی بھی دال 150روپے فی کلو سے کم قیمت میں دستیاب نہیں ہے۔ 300روپے دیہاڑی کمانے والا سبزی یا دال اور اسے پکانے کے لیے گھی اور دیگر مصالحہ جات کہاں سے خریدے گا اور دیگر ضروریات زندگی کیسے پوری کرے گا۔ (تنویر حسین‘ ڈاکٹر عبدالمجید‘ محمد نعیم خان‘ قلب علی‘ علی احمد و دیگر احمد پور سیال)
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024