مکرمی! بحیثیت قوم اور سوسائٹی ، ہمیں آج جن مسائل کا سامنا ہے ، ان میں بیشتر کی وجہ اخلاقی قدروں کا زوال اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی قباحتیں ہیں جو ہمارے معاشرے کے سکون کو گھن کی طرح چاٹ رہی ہیں۔ جہالت، کرپشن ، سود ، اقرباء پروری ، دھوکہ دہی، حسد ، بغض اور جھوٹ جیسی اخلاقی بیماریاں ہماری زندگیوں کے لئے زہر قاتل بن چکی ہیں۔ہمارے موجودہ مسائل کی ایک بڑی وجہ، ہر چیز میں دوسروں سے موازنہ اور مقابلہ کرنا ہے۔ اول دانستہ اور غیر دانستہ طور پر اپنے روزمرہ کے معاملات زندگی میں ہم اپنے معاشی سٹیٹس، آسائشوں اور طرز زندگی کا دوسروں سے موازنہ کرتے ہیں۔ دوم پھر اس کا مقابلہ شروع کر دیتے ہیں اور اس مقابلے کی دوڑ میں جائز اور ناجائزکی میں تفریق بھی بھول جاتے ہیں۔ ہم اپنی صلاحیتوں، وقت اور توانائی کا بڑا حصہ اپنے ذاتی معاملات بہتر کرنے کی بجائے دوسروں کو نیچا دکھانے میں ضائع کر دیتے ہیں۔ دراصل ہمارے اخلاقی گراوٹ ہی ہمارے معاشرتی اور معاشی مسائل کی حقیقی جڑ ہے۔ ہم خود کو اپنے ہاتھوں سے مسائل کے گرداب میں دھکیل رہے ہیں۔ موجودہ ابتر معاشرتی حالات کے تناظر میں تو ان اخلاقی بیماریوں سے چھٹکارا حاصل کرنا اب ناگریز ہو چکا ہے اور اسی صورت ایک مہذب اور فلاحی معاشرہ تشکیل پا سکتا ہے۔ (نصراللہ یونس - پرانی آبادی، محلہ فیض مدینہ، کامونکی)
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024