بزرگ شہریوں کیلئے فون کی سہولت

مکرمی! دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں بزرگ شہریوں کو باوقار سہولتیں مہیا کرنے میں حکومت اور عوام الناس دوش بدوش کوشاں ہیں۔ بّری اور فضائی سفری آسائشیں یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی کے لئے قطار بندی سے استثناءمعذور، عمر رسیدہ عورتوں اور بچوں کو رش کے دوران سڑک کے پار لے جانا انہیں سواری میں چڑھتے اترتے سہارا دینا، ریستوران میں نوجوانوں کا اپنی جگہ پر بزرگوں کو بٹھا دینا یہ اور کوئی اور حسن اخلاق کی مثالیں ہیں جو قابلِ رشک اور قابل تقلید ہیں۔ فی الوقت ان فون کمپنیوں کی خدمت میں گزارش ہے جو دن رات مختلف پیکجز دے کر لاکھوں بلکہ کروڑوں روپے کما رہے ہیں کہ وہ عمر رسیدہ بزرگ شہریوں کے لئے لوکل اور انٹرنیشنل کالز کی ایسی سکیم بنائیں جس سے اس مہنگائی کے دور میں وہ دُور افتادہ ممالک میں اپنی خیروعافیت اپنے عزیزو اقارب کو بتا سکیں اور ان کی خیریت دریافت کر سکیں۔ (محمد سلیم چغتائی 5R جیسمین لین فیصل گھمن شہید روڈ لاہور کینٹ)