ریٹائرڈ ملازمین کی بھی دادرسی کیجئے

ایڈیٹر  |  ڈاک ایڈیٹر
ریٹائرڈ ملازمین کی بھی دادرسی کیجئے

مکرمی!ریٹائرڈ ملازمین ایک ایسا مظلوم طبقہ ہے جو جوانی کار سرکار میں گزار کر بہت ہی قلیل پنشن میں اپنی زندگی کے آخری ایام گزارنے پر مجبور ہے ان کو پانچ سال قبل میڈیکل الائونس دیا گیا بعد ازاں اس کو منجمد کرکے بوڑھے لاغر اور امراض گزیدہ کی زندگی کو خطرات کے منجدھار میں ڈال کر نئی آزمائش میں ڈال دیا گیا ارباب اختیار سے میڈیکل الائونس کی بحالی اور اس میں خاطر خواہ اضافہ کی پرزور اپیل ہے۔ زندگی موت کی امانت ہے لیکن ایک بیوہ پنشنر کا اپنے حقوق کے حصول کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھانا، دوران عدت پنشن، پیپرز کی تکمیل، بار بار دفاتر کے چکر لگانا، سوگ میں تجہیزوتکفین اور رسم ورواج کے اخراجات برداشت کرنا اور خاوند کی پنشن کی بندش کے علاوہ غمزدہ چہرے پر خدا سے اچھے وقت کی امید لئے اپنے اہل و عیال کے ساتھ زندگی گزارنا نہایت ہی پرخطر راستہ ہے۔ فیملی پنشن کی تکمیل میں صوبائی محتسب پنجاب لاہور کے ریجنل آفس میں "WIDOW HELP DESK" کے قیام سے بیوگان کی تمام تر تکالیف کا ازالہ کیا جا سکتا ہے کیونکہ یہی ایک ادارہ ہے جس نے ہر مشکل وقت میں ریٹائرڈ ملازمین کی دادرسی کرکے سہارا دیا۔ (کنول شہزادی… لاہور)