بک شیلف…فیض عالم

ایڈیٹر  |  ڈاک ایڈیٹر

حضرت داتا گنج بخشؒ کی ذات بابرکات پر قلم اٹھانا سورج کو چراغ دکھانے کے مترادف ہے۔ آپ برصغیر کی روحانی و علمی تاریخ کے لئے ایسے روشن چراغ ہیں جس سے طالبان حق تاقیامت روشنی مستعار لیتے رہیں گے۔ حتیٰ کہ صوفی باصفا حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ جیسے عظیم بزرگوں نے بھی راہ حق کی تلاش کے لئے آپ کے مزار پر مجاوری کو ہی احسن سمجھا۔ آپؒ کی شہرہ آفاب تصنیف شریف زمانے کی دستبرد سے محفوظ رہی اور نصاب تصوف میں بڑا بلند مقام رکھتی ہے۔ حضرت خواجہ نظام الدین اولیائؒ کا فرمان ہے کہ ’’اگر کسی کا کوئی پیر نہ ہو وہ کشف المحجوب شریف کا مطالعہ کرے۔ اسے پیر کامل مل جائے گا۔ ’’کشف المحجوب شریف اگر محفوظ نہ رہتی تو لاہور کے اس ولی کاملؒ کی زندگی کے کئی گوشے متلاشیان حق سے چھپے رہ جاتے۔ برادرم شاہد رشید نے ’’فیض عالم‘‘ کی صورت میں حضرت داتا گنج بخشؒ پر ایک خوبصورت کتاب لکھی ہے جو صوری و معنوی خوبیوں سے آراستہ ہے۔ عام فہم میں لکھی گئی اس کتاب کا مطالعہ عوام الناس کے لئے روحانی سکون کا باعث ہو گا۔ کتاب کی ضخامت 408صفحات، ہدیہ 800روپے اور ملنے کا پتہ مادر ملت پبلی کیشنز 26۔سی ٹیک سوسائٹی لاہور فون نمبر 0300-4669961۔ (تبصرہ: محمد شفیق سلطان )