جناب صدر کا دورہ برطانیہ

مکرمی ! برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کی پاکستان کے خلاف حالیہ ہرزہ سرائی کے بعد ہر دردمند، باغیرت، باشعور اور دانشور پاکستانی نے جناب صدر سے طے شدہ برطانوی دورہ کو ملتوی کرنے کی اپیلیں، گزارشات اور منتیں کیں۔ کسی نے قومی غیرت کا واسطہ دیا، کسی نے سیلاب کی صورت حال میں مصیبت زدہ قوم کے جانی و مالی نقصانات کا بلند آواز میں شور و غوغا کیا مگر آفرین ہے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر پر کہ انہوں نے کسی داد فریاد کا اثر ہی قبول نہیں کیا۔ دراصل زرداری صاحب کا اپنا جان و مال اولاد چونکہ ہر طرح سے محفوظ ہے اس لئے قومی غیرت و نقصانات جیسی فرسودہ سوچ پر خواہ مخواہ کے روگ پالنے کی بھلا ضرورت ہی کیا ہے۔ کوئی بات نہیں یہ ترجمانی کرنے والی مخلوق بے چاری مجبور بھی ہے اور معذور بھی کیونکہ ان کی ساری عیش و نشاط اور من و سلویٰ کا انحصار اسی پر ہے۔ قوم کے حصہ میں صرف صبر آیا ہے وہ اسی پر اکتفا کرے۔ (محسن امین تارڑ ایڈووکیٹ لاہور ۔ فون 0331-6442093)