ٹائون شپ کے تباہ حال چلڈرن پارکس

مکرمی ! ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے میاں شکیل احمد ایک انتہائی محترک، مخلص اور نہایت محنتی شخصیت کے حامل ہیں اور وہ خادم اعلیٰ پنجاب کے لاہور کو خوبصورت مثالی بنانے کے وژن کو پورا کرنے کیلئے شب و روز کوشاں ہیں لیکن لاہور کے بے شمار علاقہ جات ایسے ہیں جہاں پی ایچ اے کی توجہ نہیں۔ اس مقصد کے لئے ڈی جی نے ڈائریکٹر مانٹرنگ اظہر علی سلہریا کو مقرر کیا ہے جو کہ ایک اعلیٰ تجربہ کار اور پارٹی کلچر میں بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ میں خصوصی طور پر ڈی جی کی توجہ اپنے علاقہ ٹائون شپ کے تباہ حال اُجڑے چلڈرن پارکوں اور اس جانب متعلقہ حکام کی مسلسل عدم توجہی و نااہلی کی جانب دلانا چاہتا ہوں کہ ٹائون شپ کے بے شمار پارک اس وقت ویران پڑے ہیں۔ پارکوں میں گھاس، پودے، جنگلے، اور فلڈ لائٹس ناپید ہیں۔ پی ایچ اے نے تمام تر توجہ چند مخصوص علاقوں پر مرکوز کر رکھی ہے جس کی زندہ مثال یہ ہے کہ سیکٹر بی ون بلاک نمبر 1 تا 16 میں تقریباً 20 پارک ہیں چن کی دیکھ بھال کیلئے صرف 7 مالی ہیں وہ بھی غائب رہتے ہیں۔ ان پارکوں کو لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے۔ ڈی جی سے استدعا ہے کہ بلاک نمبر 1 تا 16 کے پارکوں کی حالت زار بہتر بنانے کے احکامات صادر فرمائیں۔ (سرفراز خان ۔ سماجی رہنما و اہلیان ٹائون شپ لاہور)