اردو ذریعہ تعلیم کی طرف واپسی

ایڈیٹر  |  ڈاک ایڈیٹر
اردو ذریعہ تعلیم کی طرف واپسی

مکرمی! انگریزی زبان ذریعہ تعلیم کا تجربہ ناکام ہو گیا اور پنجم تک دوبارہ اردو نصاب لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت نے صوبہ بھر کے تمام سرکاری سکولوں میں پہلی سے پنجم تک انگریزی میڈیم نصاب کے تجربے کی ناکامی کے بعد دوبارہ اردو نصاب شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کیلئے پنجاب ٹیکسٹ بورڈ کو نئے تعلیمی سال سے نئی کتابیں شائع کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انگریزی ذریعہ تعلیم کے باعث طلبا و طالبات کے سکول چھوڑنے کی شرح میں اضافہ خوفناک حد تک بڑھ گیا تھا جس میں اردو ذریعہ تعلیم کے دوبارہ نفاذ کے بعد یقیناً کمی آئے گی۔ حکومت پنجاب نے سرکاری سکولوں میں انگلش میڈیم کا تجربہ ناکام ہونے پر جو فیصلہ کیا وہ خوش آئند ہے اور قابل تحسین بھی جوکہ بہت پہلے کر لینا چاہئے تھا۔ وہی قومیں عالمی برادری میں عزت کی نظر سے دیکھی جاتی ہے جو اپنی قومی زبان‘ قومی ورثے‘ قومی لباس اور قومی کلچر سے نہ صرف محبت کرتی ہیں بلکہ دنیا بھر میں اسے فخر سے متعارف کرواتی ہیں اور ایک ہم ہیں کہ قومی زبان کے حوالے سے احساس کمتری کی دلدل میں دھنستے چلے جا رہے ہیں۔(ایم اے کھوکھر سوشل ورکر لاہور)