آدھی رات کے بعد گیس کے” ضیاع “کا مشیر پٹرولیم نوٹس لیں

ایڈیٹر  |  مراسلات

مکرمی !صدر زرداری کے ایام اسیری کے ساتھی اور آج کل مشیر پٹرولیم کے عہدے پر سرفراز ڈاکٹر عاصم حسین نے گذشتہ برس کے وسط میں قوم کو آگاہ کیا تھا کہ اس موسم سرما میں عوام کو گیس کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ آفرین ہے ایسے پیش بند مشیر پر اور قوم گواہ ہے کہ ایسا ہی ہو رہا ہے تو ایسے ناقدین کے منہ بند ہو جانے چاہییں کہ جنہیں حکومتی کارکردگی پر انگلیاں اٹھانے کی "عادت بد" ہے۔کمپریسرز کی بڑھتی ڈیمانڈ کے سبب غریب عوام کیلئے ایک نئے روزگار کا بندوبست بھی ہو چکا جس سے یقینا ملک میں خوشحالی آئیگی۔ڈاکٹر صاحب کیلئے ایک خفیہ خبر یہ ہے یہاں لاہور میں رات کے آخری پہر 2/3بجے خواتین خانہ اٹھ کر سالن وغیرہ بنا لیتی ہیںکہ اس وقت ایک دو گھنٹے کیلئے گیس آ رہی ہوتی ہے۔ ڈاکٹر صاحب سے گزارش ہے اس "عمل ہوشیاری"کے سد باب کیلئے ضروری اقدامات اٹھائیں تاکہ عوام یہ نعرہ مستانہ بلند کر سکیں کہ کل بھی بھٹو زندہ تھا ، آج بھی بھٹو زندہ ہے۔( عبدالعلیم قمر لاہور)