مکرمی! ٹائون شپ کی متعدد سماجی تنظیموں اور سینکڑوں شہریوں نے ٹائون شپ میں ناجائز تجاوزات اور اس جانب متعلقہ حکام کی مسلسل عدم توجہی اور نااہلی پر شدید احتجاج کیا ہے اور ڈی سی او، کمشنر لاہور سے صورت احوال کا فوری سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس وقت المدینہ صرافہ بازار، مین مارکیٹ، المدینہ روڈ، ابوبکر روڈ، کشمیر روڈ، بلاک نمبر 16-11 اور ہار والا بازار تجاوزات کا مرکز بن چکے ہیں۔ 40 فٹ سڑک سکڑ کر 20 فٹ رہ گئی ہے۔ آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے حتیٰ کہ پیدل چلنا تک مشکل ہے۔ یہاں سینکڑوں ریڑھیوں اور پھٹہ والوں کا قبضہ ہے جنہیں ایل ڈی اے اقبال ٹائون انتظامیہ اور مقامی تجاوزات مافیا کی مکمل آشیرباد حاصل ہے۔ بھتہ وصول کرنے والے نہیں چاہتے کہ تجاوزات ختم ہوں۔ ہر بازار میں دو، دو تاجر تنظیمیں بن چکی ہیں جن کے اپنے اپنے مفادات ہیں۔ ریڑھیوں کی وجہ سے ٹائون شپ میں دہشت گردی اور تخریب کاری کا فوری خدشہ ہے۔ ناجائز تجاوزات سے عوام سخت پریشان اور حکمران ذمہ داران بے بس لگتے ہیں۔ ہماری استدعا ہے کہ مین مارکیٹ ٹائون شپ چوکی میں ایک مستقل اینٹی تجاوزات کیمپ قائم کیا جائے تاکہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہو سکیں۔
(محمد سرفراز خان۔ ٹائون شپ لاہور)