مکرمی! جناب دی پنجاب پینشنرز ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) کے اجلاس میں حکومت پنجاب سے درج ذیل مطالبات کی منظوری کی درخواست کی گئی۔ (1 ) محکمہ خزانہ اور اکائوٹنٹ جنرل پنجاب سے درخواست ہے کہ 75 سال سے زائد العمر پینشنرز کو بقایا جات کی ادائیگی اور 2001 کی پینشن پالیسی کے تحت ریٹائر ہونے والے ملازمین کی اضافہ جات کے ساتھ پینشن کی ادائیگی بلا تاخیر عمل کیا جائے۔( 2 )دی پنجاب پینشنرز ایسوی ایشن (رجسٹرڈ) ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے کام کر رہی ہے جس کیلئے دفتر کا ہونا ضروری ہے جبکہ ہمارے پاس مالی وسائل نہیں ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سے گزارش ہے کہ وہ خصوصی مہربانی فرما کر کوئی مناسب جگہ برائے دفتر الاٹ کر کے مشکور فرمائیں۔ (3) حکومت پاکستان نے پینشنرز کی سہولت کیلئے پینشن کی ادائیگی بینک اکائونٹ میں آن لائن کر دی ہے۔ سرکاری ملازم کو ریٹائرمنٹ پر پینشن پیمنٹ آڈر (PPO) جس میں پیشنر کے کوائف درج ہوتے ہیں دیا جاتا تھا جو اب دفتر اکائوٹنٹ جنرل نے ضبط کر لیا ہے اور پینشنرز کے پاس اب کوئی دستاویز نہ ہے جس سے اس کی شناخت ہو سکے۔ ہسپتال وغیرہ میں علاج معالجہ کیلئے دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لہٰذا پینشنرز کی سہولت کیلئے PPO واپس کیا جائے بصورت دیگر ضروری کوائف کے ساتھ سمارٹ کارڈ جاری کیا جائے۔ اکائوٹنٹ جنرل دفتر متعلقہ بینک برانچ ہر 6 ماہ کے بعد پنشن کی تفصیل سے پینشنرز کو مطلع کریں۔ (4) گزٹیڈ آفیسر دوران ملازمت تصدیق کرنے کے اہل ہوتے ہیں لہٰذا سرکاری ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی کاغذات کی تصدیق کرنے کا اختیار دیا جائے۔
(خالد اسلام صدر پنجاب پینشنرز ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ)