غریبوں کو بم سے اڑا دیں

مکرمی! یکم فروری کو حکومت نے تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر عوامی خواہشات کے برعکس اضافہ کر دیا جبکہ 2 فروری کو نوائے وقت میں عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں 73 ڈالر سے بھی کم ہونے کی خبر شائع کی۔ موجودہ حکومت عوام کے لئے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر ہر الیکشن میں حصہ لیتی ہے لیکن یہ تو عوام سے روٹی کا آخری نوالہ تک چھیننے کی کوشش کر رہی ہے۔ بیچاری غریب عوام پر کبھی بجلی بم، کبھی تیل بم، کبھی گیس بم اور کبھی مہنگائی بم گرا دیئے جاتے ہیں۔ یہ چھوٹے چھوٹے بم گرانے کی بجائے اس بیچاری اور مظلوم عوام کو ایک دفعہ ہی ایٹم بم مار کر ختم کر دیا جائے تاکہ روز روز کے مرنے سے ایک دفعہ ہی مر جائیں تاکہ پھر نہ کوئی احتجاج کرے نہ ہڑتال کرے۔
(محمد ریاض انصاری نارووال 0300-7761005)