قرآن مجید کی خوبیاں

قرآن مجید کی خوبیاں

مکرمی! قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب ہے جو اپنے بیانات کو نہایت مضبوط اور مستحکم انداز میں پیش کرتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے ’’ یہ وہ کتاب ہے جس کی آیات کو مستحکم و مضبوط بنا دیا گیا ہے پھر ان کی وضاحت بڑے دانا اور باخبر کی طرف سے کی گئی ہے۔ دنیا کی کسی بھی کتاب کا مطالعہ کریں تو آپ کو اس کے مندرجات مین یقیناً کہیں نہ کہیں تضاد ضرور نظر آئے گا لیکن قرآن مجید چونکہ اللہ تعالیٰ کا کلام ہے اس لئے اس میں کہیں بھی کوئی تضاد نہیں پایا جاتا ارشاد باری تعالیٰ ہے ’’ اگر یہ قرآن اللہ تعالیٰ کے علاوہ کسی اور کی جانب سے ہوتا تو یقیناً وہ اس میں اختلاف پاتے‘‘: یہ دنیا کی واحد اور یکتا کتاب ہے، جو اپنے اصول اور قوانین دیتی ہے اور جن پر عمل کرنا یقینا دنیا اور آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے۔ حضرت عمر ؓ سے روایت ہے کہ نبی اکرم ؐ نے فرمایا’’ اللہ تعالیٰ اس کتاب پر عمل کرنے والی اقوام کو سربلند اور اس پر عمل نہ کرنے والی اقوام کو ذلیل و پست کر دے گا : قرآن کا اصل مقصد انسانی تربیت اور تزکیہ ہے۔ قرآن انسانی دل، خواہشات، جذبات اور سیرت و کردار کا خوب تزکیہ کرتا ہے جس کی وجہ سے وہ اخلاق حسنہ اپناتا ہے اور یوں انسان کے دل میں خشوع و خضوع اور عزم و یقین کی دولت پیدا ہوتی ہے۔ (شعیب غنی، ایئر یونیورسٹی 0344-0621534 )