سادہ لوح مسلمان

ایڈیٹر  |  ڈاک ایڈیٹر
سادہ لوح مسلمان

مکرمی! عوام الناس کی زندگی بھرطور طریقے سے اجیرن کرنے کے بعد تحفظ ختم نبوت کے نام پر دئیے گئے دونوں دھرنے بالآخر راولپنڈی اور لاہور سے ختم کر دئیے گئے۔ لاہور دھرنے والوں نے اخباری اطلاعات کے مطابق پنڈی دھرنے والے کرتا دھرتائوں پر ساڑھے اکیس کروڑ روپے کے سود لے کر عوض دھرنا ختم کرنے کا الزام لگایا ہے۔ دونوں دھرنوں کے رہبر ایک ہی مسلک اور مکتبہ فکر کے لوگ تھے۔ جن پر الزام لگایا گیا ہے۔ ان کی طرف سے ابھی تک کوئی تردید بھی سامنے نہیں آئی۔ الزام میں اگر سچائی ہے تو پھر بقول اقبالؒ درویشی بھی عیاری ہے۔ دونوں دھرنوں میں بیک ڈور ڈپلومیسی کام کر گئی اور بہت سے سوالیہ نشان چھوڑ گئی۔ عشق رسولؐ کے نام پر سادہ لوح مسلمان نے ہمشہ ہی دھوکہ کھایا ہے۔ ابھی تک کھا رہا ہے اور شاید کھاتا ہی رہے کیونکہ اسلام اب نعروں میں ہی رہ گیا اور عمل سے نکل گیا ہے۔ لوگ اب سیرت پہ نہیں جاتے۔ ظاہری صورت و جبہ دستار پر مر مٹتے ہیں۔ اللہ پاک سادہ لوح مسلمانوں کو عقل سلیم عطا کرے اور اسے اسلام کو اس کے اصل تناظر میں دیکھنے کی توفیق دے۔ عشق رسولؐ ہر کلمہ گو کے ایمان کا حصہ ہے۔ مسلمان کی یہ ایک کمزوری ہے۔ مسلمان کی کمزوری اور سادہ لوحی کو اپنی دنیا داری کے لئے استعمال کرنے والا جو کوئی بھی ہو گا۔ اس کا کسی جہان میں بھی بھلا نہ ہو گا۔

(محسن امین، تارڑ ایڈووکیٹ گکھڑ منڈی)