وفاقی وزیر ریلوے کی توجہ کیلئے

ایڈیٹر  |  ڈاک ایڈیٹر

مکرمی! ملتان اور سرگودھا کے درمیان براستہ جھنگ چلنے والی ٹرین (139 اپ، 140 ڈاو¿) ”ساندل ایکسپریس“ اتوار اور مستند سرکاری تعطیلات کے روز معطل رہتی ہے۔ متذکرہ سیکشن پر دن کے اوقات میں چلنے والی یہ واحد ٹرین ہے جس کے ذریعے نجی و سرکاری اداروں کے ملازمین اور دیگر عوام الناس اپنے عزیز واقارب سے ملنے کے لئے ایام تعطیلات میں شمالی اور جنوبی پنجاب کی طرف سفر کرتے ہیں لیکن ایندھن کی بچت کے نام پر سینکڑوں عوام کو تعطیلات کے دنوں میں سفری سہولت سے محروم کر کے روڈ ٹرانسپورٹ مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف عوام کی سفری مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے بلکہ محکمہ ریلوے کو بھی خاطر خواہ آمدنی سے محروم کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ ماہ 8 اگست سے 11 اگست تک عیدالفطر کی تعطیلات کی وجہ سے پورے چار دن یہ ٹرین بند رہتی ہے جس کی وجہ سے بیشتر عوام ذلیل و خوار ہوتے رہے۔ عوام کو درپیش شدید سفری مشکلات کے پیش نظر وفاقی وزیر ریلوے جناب خواجہ سعد رفیق سے استدعا ہے کہ ساندل ایکسپریس کی ایام تعطیلات میں بندش کا نامناسب فیصلہ فی الفور واپس لیا جائے اور متذکرہ ٹرین کو بلاناغہ چلایا جائے۔(مرزا محمد صادق بستی مائی ہیر کیمپ جھنگ صدر)