جناب وزیراعلیٰ پنجاب سے دردمندانہ اپیل

مکرمی!پنجاب حکومت کے نوٹیفکیشن کے باوجود ریٹائر ملازمین کو بنیادی تنخواہ کا 7 فیصد لیونگ الاﺅنس نہیں دیا جا رہا ہے۔جناب طارق محمود پاشا سیکرٹری اوقاف نے عمر بھر محکمہ کی خدمت کرنے والے ریٹائرڈ ملازمین کو ذلیل و خوار کر دیا۔ 7 فیصد لیونگ الاﺅنس کے بقایاجات لینے کیلئے ملازمین ایوان اوقاف کے روز چکر لگانے پر مجبور ہیں جبکہ کوئی آفیسران کی بات سننے کو تیار نہ ہے۔ آپ کی اطلاع کے لئے عرض ہے کہ حکومت پنجاب نے 15 مارچ 2012ءکو نوٹیفکیشن نمبری ایف ڈی پی سی 1995-2-2 جاری کر دیا تھا مگر اوقاف میں اس پر عمل نہیں کیا گیا۔
یہ الاﺅنس سپریم کورٹ آف پاکستان کے تاریخی فیصلے کی تعمیل میں ادا کیا جا رہا ہے مگر جناب طارق محمود پاشا سیکرٹری اوقاف مسلسل انکاری ہیں اور تاخری حربے استعمال کر رہے ہیں جوکہ توہین عدالت کے مترادف ہے۔ دوسری طرف انہوں نے اوقاف فنڈز سے 66 لاکھ روپے کی لاگت سے 4 نئی گاڑیاں افسروں کی سری کیلئے خرید لی ہیں اور ریٹائرڈ ملازمین کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھین رہے ہیں جو سراسر ظلم اور زیادتی ہے۔
جناب وزیراعلیٰ پنجاب سے گزارش ہے کہ وہ اس سنگین نوعیت کے معاملے کا نوٹس لیں اور ریٹائرڈ ملازمین بقایاجات ادا کروائیں اوران کی دعائیںلیں۔
ریٹائرڈ ملازمین (اوقاف)