قومی شناختی کارڈ نمبر نیشنل ٹیکس نمبر ہوگا

ایڈیٹر  |  ڈاک ایڈیٹر
قومی شناختی کارڈ نمبر نیشنل ٹیکس نمبر ہوگا

مکرمی! وزیر خزانہ اسحق ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت ایک ایسی پالیسی لارہی ہے جسکے تحت نیشنل ٹیکس نمبر ختم کر دیا جائے گا اور قومی شناختی کارڈ کے نمبر کو ہی نیشنل ٹیکس نمبر تصور کیا جائے گا۔ حکومت کے اس فیصلے سے جہاں عوام ٹیکس نمبر جاری کروانے کی مشکلات سے بچ جائینگے وہاں قومی شناختی کارڈ نمبر ٹیکس نمبر ڈکلیئر ہونے سے بہت سے نئے ٹیکس دہندگان کا اضافہ ہوگا۔ ضرورت اس امرکی ہے کہ حکومت کو ایک مربوط حکمت عملی کے تحت نئے ٹیکس دہندگان ڈھونڈنا ہونگے اور کسی دبائو میں آئے بغیر تمام ایسے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہوگا جو اب تک ٹیکس نہیں دے رہے حالانکہ وہ لاکھوں کروڑوں روپے سالانہ کما رہے ہیں۔ امید ہے حکومت تمام ایسے ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس دینے پر مجبور کریگی جو ابھی تک خود کو ٹیکس دینے سے بچائے ہوئے ہیں۔ اس سے جہاں حکومت کے وسائل میں اضافہ ہوگا وہاں ملکی معیشت بھی مضبوط ہوگی۔(محمد ضیاء آفتاب، نیو گارڈن ٹائون، لاہور)