بابا مجِید نظامی کا سا ، جذبہء اِیمان، کھپّے

ایڈیٹر  |  ڈاک ایڈیٹر
بابا مجِید نظامی کا سا ، جذبہء اِیمان، کھپّے

خواب ِ شاعرِ مشرق ؒ ، کی تعبِیر کا ، پھر اَرمان ، کھپّے
قائدِ اعظم ؒ کے اَفکار سے ، رَوشن پاکستان ، کھپّے
ڈَیموکریسی ، خاکی ہو یا نُوری ، کوئی فرق نہیں
یادِ جہدِ مادرِ مِلّتؒ ، زورِ جنُوں ، ہر آن ، کھپّے
بُھٹّو کی، دُھندلی، دُھندلی، تصوِیر تو، اب بھی، بولتی ہے
بُھوکوں، ننگوں، در بدروں کو، روٹی ، کپڑا مکان ، کھپّے
مذہب، مِلّت، رنگ، نسل کی ، کوئی بھی، تفرِیق نہیں
خُودکُش حملہ آوروں کو تو، ہراِنسان کی جان ، کھپّے
قتل و غارت، اغوائ، بھتّہ خوری، لُوٹ کھسُوٹ، کا دَور
یا ربّ! بارِ رحمت بَرسے ، نخلِ امن پَروان ، کھپّے
ہر دم، گردِش میں ہے، سیاسی کھوٹے سِکّوں، کی ٹکسال
پاکستان کی ، نئی پود کو ، نظریہء پاکستان ، کھپّے
عزمِ نو کی ، مَشعل لے کر ، اُٹھّیں پھِر ، اَربابِ قلم
مِثلِ عزمِ حمید نظامی ، عزمِ عالی شان ، کھپّے
نِصف صدی کی ، اَدارتِ عظمیٰ ، لاثانی ، لافانی ، اثرؔ
بابا مجِید نظامی ، کا سا ، جذبہء ایمان ، کھپّے
(شاعرِِ نظرِیہ پاکستان ۔اثر چَوہان)
٭…٭…٭