شعبہ صفائی سبزہ زار کا نااہل سٹاف ضلعی انتظامیہ کی خصوصی توجہ کے لئے

مکرمی! شہر کی سڑکوں گلیوں اور بازاروں کی صفائی کے لئے حکومت نے افراد کی ایک فوج ظفر موج متعین کر رکھی ہے اور یہ بھاری بھرکم تعداد سرکاری خزانے سے ایک معقول رقم تنخواہوں کی صورت میں وصول کرتی ہے مگر ان کی کارکردگی صفر ہے ثبوت شہر کی گلیاں کوچے دیکھ کر مل سکتا ہے۔ گندگی اور غلاظتوں کے ڈھیر دیکھ کر ماتم کرنے کو جی چاہتا ہے۔ اس ضمن میں سبزہ زار خاص کر اے بلاک کا ذکر کر کے انتظامیہ کے ضمیر جھنجھوڑنا چاہتا ہوں۔ سبزہ زار میں شعبہ صفائی سے تعلق رکھنے والے افراد کی تعداد درجنوں میں ہے مگر اس کے باوجود اے بلاک کا نوے فیصد حصہ صفائی سے محروم ہے۔ اہلکاروں کی اکثریت صرف تنخواہ لیتی ہے اور اپنے بڑوں کے منہ بند رکھنے کے لئے تنخواہ کا نصف انہیں دیتی ہے۔ اگر اے بلاک میں صفائی کا فقدان برقرار رہا تو وہ دن دور نہیں جب مختلف بیماریاں بھی جنم لینے لگیں گی اور اس تمامتر صورتحال کی ذمہ داری مقامی انتظامیہ پر عائد ہو گی۔ امید واثق ہے کہ مقامی انتظامیہ اس مکتوب پر بروقت ایکشن لیکر شعبہ صفائی سے متعلقہ افراد سے نہ صرف باز پرس کرے گی بلکہ ذمہ داروں کو فارغ کرنے سے بھی دریغ نہیں کرے گی۔
(خواجہ عبدالحکیم عامر 0333-4254662 لاہور سبزہ زار)