پنجاب آئی ٹی یونیورسٹی قائم کی جائے

ایڈیٹر  |  مراسلات

مکرمی ! وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے اپنے آبائی قصبے گوجر خان میں ایک جلسہ عام میں تقریر کرتے ہوئے وہاں ”پوٹھوہار آئی ٹی یونیورسٹی“ کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ ہماری قوم کی بدقسمتی ہے کہ ہم قومی سوچ کو بیدار کرنے کی بجائے علاقائی اور گروہی نفرتیں پھیلا رہے ہیں۔ کل سرائیکی والے ”سرائیکی یونیورسٹی“ اور ہزارہ والے ”ہندکو یونیورسٹی“ بنائیں گے۔ اگر یونیورسٹی کی ضرورت کسی علاقے کو ہے تو اسے اس شہر یا ضلع کا نام بھی دیا جا سکتا ہے یا صوبے کے نام پر یونیورسٹی قائم کی جا سکتی ہے۔ میری تمام محب وطن سیاستدانوں سے اپیل ہے کہ خدارا علاقائی تعصب کو نہ ابھاریں۔ کوئی ادارہ بنانا ناگزیر ہے تو اسے کسی قومی شخصیت کے نام سے قائم کریں۔ ہمارے مشاہیر قائداعظم، علامہ اقبال، قائد ملت لیاقت علی خان اور محسن پاکستان ایٹمی ٹیکنالوجی کے بانی ڈاکٹر عبدالقدیر خان جیسی شخصیات کے نام سے قومی ادارے بنائے جائیں۔ میری خادم پنجاب میاں شہباز شریف سے درخواست ہے کہ لاہور میں قائم ہونے والی ”آئی ٹی یونیورسٹی“ کو ”پنجاب آئی ٹی یونیورسٹی لاہور“ کا نام دے کر قیام عمل میں لایا جائے۔ پنجاب ہماری عزت اور وقار ہے اور پورے پاکستان کی یکجہتی کی علامت ہے۔ متحدہ پنجاب پاکستان کی سلامتی کی علامت ہے۔
(کے ایم اسلم بٹ ۔ گوجرانوالہ)