پنشن میں اضافے کا نوٹیفکیشن

ایڈیٹر  |  مراسلات

مکرمی!وطن پاک کی سرکار سے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین عرض گذار ہیں کہ عدالت اعلیٰ و عظمیٰ کے فیصلہ کے پیش نظر پنشنرز کی پنشن میں فیصلہ کی تاریخ سے پچاس فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری فرمایا جائے۔ جیسا کہ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بنچ نے وزارت خزانہ کی جانب سے دائر کردہ اپیل نظرثانی کو15 اپریل 2012ءکو خارج کر دیا تھا اور ہائی کورٹ کا فیصلہ2009ءبحال رکھا تھا۔ پنشنرز اپنی عمر کے اس حصہ میں جہاں مالی بحران کا شکار رہتے ہیںوہاں طرح طرح کی ذمہ داریوں میں جکڑے ہوتے ہیں۔ بڑھاپے میں بعض توپریشانی کا شکار ہو کر اللہ کو پیارے ہو جاتے ہیں چونکہ مملکت خداداد پاکستان میں ریٹائرڈ بوڑھے اور بیمار لوگوں کی جو حالت ہوتی ہے وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ ریٹائرڈ ہونے والے بیشتر ملازمین اولاد کی لاپروائی اور غربت کی وجہ سے بہت سے لوگ سڑکوں پر مر جاتے ہیں اور لاوارث سمجھ کر ان کو قبر میں اتار دیا جاتا ہے۔ ایسی حالت میں اگر ان کی مالی اعانت کے بارے میں عدالتی فیصلہ آئے تو وفاقی اور صوبائی سرکار کو جلد نوٹیفکیشن جاری کر دینا چاہئے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو سکے اس لئے سرکار سے درخواست ہے کہ پچاس فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن فوری طور پر جاری کیا جائے۔ (شوکت علی لاہور)