پنشنرز سے اپیل

ایڈیٹر  |  مراسلات

مکرمی ! جنرل الیکشن کی آمد آمد ہے تمام سیاسی جماعتیں حسب معمول عوام کی خدمت کرنے کی دعویدار بن کر میدان میں آ چکی ہیں۔ کوئی سونامی کی آمد کا اشارہ دے رہا ہے اور کوئی ملک کے مسائل کو حل کرنے کیلئے آئندہ اپنے اقتدار کی آس لگائے ہوئے ہے۔ حیران کن طور پر حکمران اپنی گزشتہ پانچ سالہ کارکردگی کے سلسلہ کو آئندہ مزید پانچ سال کیلئے بڑھانے کیلئے سرگرم عمل ہے اور اس بار یہ ساری جماعتیں نوجوانوں کو استعمال کرنے کا پروگرام بنا رہی ہیں اور انہیں اپنی جانب راغب کرنے کیلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ان جماعتوں نے ایوان کے اندر یا باہر کبھی بھی ملک کے بزرگ شہریوں یعنی پنشنرز کے حق میں آواز نہیں اٹھائی البتہ ان کی کوشش ہے کہ پننشرز کے مسائل میں اضافہ کیا جائے۔ پنشنرز کو سینئر سٹیزنز تو کہا جاتا ہے ان کی فلاح و بہبود کیلئے بلند و بانگ دعوے بھی کئے جاتے ہیں مگر عملی طور پر کچھ نہیں کیا جاتا۔ سہولتوں کے فقدان کے باعث یہ سینئر سٹیزنز مختلف بیماریوں کا شکار ہو کر اپنے گھروں میں سسک رہے ہیں۔ پننشرز کے کمیوٹیڈ پوریشن کی بحالی کا عرصہ دس سال تھا جسے بڑھا کر 12 سال اور پھر 15 سال کر دیا گیا۔ متواتر عرصہ بڑھانے کا مقصد یہ تھا کہ پنشنرز حضرات زیادہ سے زیادہ تعداد میں دنیا سے رخصت ہوں اور حکومت کی پنشن پر خرچ ہونے والی رقم بچ بجائے۔ اسکے باوجود جو پننشرز خوش قسمتی سے 75 سال کی عمر پا لیتا ہے اس کے کمیوٹیڈ پورشن کی تمام اضافہ جات کے ساتھ واپسی میں مسلسل رکاوٹ ڈال جا رہی ہے حالانکہ اس سلسلہ میں لاہور ہائی کورٹ پنجاب سروس ٹربیونل، وفاقی سروس ٹربیونل اور سپریم کورٹ کے واضح احکامات موجود ہیں۔ پنشنرز اپنی انفرادی حیثیت میں اور انکی تنظیمیں بذریعہ پریس اپنی آواز بلند کر رہی ہیں مگر تاحال ناکام رہے ہیں۔ ملک کے حکمران طبقے اور آئندہ اقتدار کی توقع رکھنے والی جماعتوں کے سربراہوں کو پنشنرز کے حق میں اپنی آواز بلند کرنے کی توفیق نہیں ہوئی۔ ریٹائرمنٹ کے بعد پنشنرز کو بہبود فنڈ سے سہولتیں دی جاتی ہیں جو انتہائی ناکافی ہیں ان سہولتوں میں اضافہ ہونا چاہئے مگر اس پر توجہ نہیں دی جا رہی۔ ملک میں اس وقت بھی لاکھوں کی تعداد میں پنشنرز موجود ہیں انکے ساتھ اب تک جو سلوک ہوا ہے اور آئندہ ہو گا اس کو مدنظر رکھتے ہوئے پنشنرز بھائیوں سے درخواست ہے کہ خدارا آئندہ الیکشن میں دھوکے اور فریب سے بچیں اچھے بُرے کی تمیز کریں اور اپنے ووٹ کا درست استعمال کریں۔
(عبدالحق ۔ صدر پنجاب گورنمنٹ پنشنرز فرنٹ، فون 0323-4340836)