میاں نواز شریف کے نام

ایڈیٹر  |  مراسلات

مکرمی! یوں تو پیپلزپارٹی کی ہر حکومت نے ملک و قوم کو تباہ و برباد کرنے اور لوٹ مار کے ریکارڈ قائم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی مگر موجودہ حکومت نے لوٹ مار اور تباہی و بربادی کو انتہا تک پہنچا دیا ہے۔ عوام بے پناہ مصائب تلے دبے کراہ رہے ہیں اور رات دن اس عذاب سے چھٹکارا پانے کی دعائیں کر رہے ہیں مگر نواز شریف صاحب کے اس کو سہارے کی وجہ سے یہ قوم پر مسلط چلی آ رہی ہے۔ اس حکومت نے قوم کو جیتے جی موت کے منہ میں دھکیل رکھا ہے۔ قوم ہر پل، ہر گھڑی اس کو بددعائیں دے رہی ہے مگر اس کی رخصتی کے کئی مواقع مہیا ہونے کے باوجود نواز شریف صاحب نے غالباً پنجاب حکومت کو کسی خوف کے مارے مصلحتاً کوئی قدم اٹھانے سے گریز کیا۔ آصف علی زرداری صاحب نے نواز شریف صاحب سے کئی جھوٹ بولے کئی بلند آہنگ وعدے کر کے مکر گئے، مگر نواز شریف صاحب نے سبق نہ سیکھا اور اس حکومت کو ڈھیل دیتے رہے۔ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ صرف اسے باہر آنے کےلئے کسی مخلص رہنما کی ضرورت ہے۔ کیا نواز شریف صاحب اب بھی صرف بیان بازی پر ہی اکتفا کریں گے اور منقار زیر پر رہیں گے؟(جاذب بخاری لاہور)