لاہور ہائیکورٹ کا ضلعی عدالتوں کو مقدمات کی روزانہ اور ماہانہ رپورٹس بھجوانے کا حکم
لاہور (ایف ایچ شہزاد سے) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر کی ضلعی عدالتوں کو مقدمات کی ماہانہ، پندرہ روزہ، ہفتہ وار اور روزانہ کی بنیاد پر جامع رپورٹ بھجوانے کا حکم دیا ہے۔ عدالتی ذرائع کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے مذکورہ حکم کا مقصد جوڈیشل پالیسی کے مطابق زیرالتوا مقدمات کو بروقت نمٹانے کے عمل کو یقینی بنانا ہے۔ مقدمات کی رپورٹس کی بنیاد پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منظور احمد ملک کی طرف سے اصلاحات کے نئے پروگرام بھی شروع کئے جائیں گے۔ سیشن ججز کو بھجوائے جانے والی رپورٹ میں نئے دائر ہونے والے مقدمات کی تفصیل، ہفتہ وار رپورٹ میں اس دوران نمٹائے گئے نئے اور پرانے مقدمات کے اعداد و شمار، پندرہ روزہ رپورٹ میں دیوانی اور فوجداری مقدمات کی علیحدہ تفصیل جبکہ ہر ماہ ایک مکمل تقابلی اور مفصل رپورٹ روانہ کی جائے۔ اس وقت پنجاب کی ضلعی عدالتوں میں 10 لاکھ سے زائد مقدمات زیرالتواء ہیں۔ زیرالتواء مقدمات میں ضلع لاہور پہلے، فیصل آباد دوسرے اور گوجرانوالہ تیسرے نمبر پر ہے۔ عدلیہ کی طرف سے رات کو دو گھنٹے کیلئے عدالتیں لگانے کی تجویز پیش کی گئی ہے جس پر وکلا تنظیمیں غور کر رہی ہیں۔