پولیس کے چھاپے، لاہور میں 15 افغان اسلام آباد سے 21 مشتبہ افراد گرفتار
لاہور+ عارفوالا + اسلام آباد (نامہ نگاران+ نوائے وقت نیوز) صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ روز پولیس نے مختلف جگہوں پر افغان بستیوں میں سرچ آپریشن کرکے 15مشکوک افغانیوں کو حراست میں لے لیا اور تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف کی ہدایات پر پولیس کی بھاری نفری نے ہنجروال، شاہدرہ سرکل دریائے راوی کنارے، ملت پارک، بادامی باغ، گلبرگ غالب، مارکیٹ و دیگر علاقوں میں گھر گھر تلاشی لی اور کرایہ داروں کے کوائف چیک کئے۔ پولیس نے افغان بستیوں نواں کوٹ، رائے ونڈ، شیراکوٹ، ہنجروال سے پندرہ مشکوک افغانیوں کو پکڑا جن سے پوچھ گچھ جاری ہے یہ لوگ کافی عرصہ سے جعلی دستاویزات کے ساتھ رہائش پذیر تھے۔ دریں اثناء عارفوالا میں غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کے خلاف جاری مہم کے دوران کارروائی کرتے ہوئے اڈا رنگ شاہ سے بغیر سفری کاغذات ہونے پر ایک افغانی کو پکڑ کر مقدمہ درج کر لیا۔ جمشید علی جو افغانستان کا رہائشی ہے جسے پکڑ کر مقدمہ درج کر کے جیل بھجوا دیا گیا۔ دوسری طرف پولیس نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرکے 21 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ سرچ آپریشن تھانہ نیلور ،ترنول، رضا، شالیمار، گولڑہ، مارگلہ کے علاقوں میں کیا گیا۔