عمران خان نے اپنے بیان میں جھوٹ سے کام لیا: سلمان شہباز
لاہور (خصوصی رپورٹر) شریف گروپ کے ڈائریکٹر سلمان شہباز نے کہا ہے عمران خان نے گزشتہ روز میرے حوالے سے اپنے بیان میں غلط بیانی اور جھوٹ سے کام لیا ہے۔ ایک بیان میں سلمان شہباز نے کہا گزشتہ روز عدالت کی طرف سے دیئے جانے والے ریمارکس میں میرا یا رمضان شوگر ملز کی انتظامیہ کا ذکر تک موجود نہیں تھا اور نہ ہی شکایت کنندگان میں سے کسی نے ملز انتظامیہ پر کسی قسم کا کوئی الزام عائد کیا ہے۔ اس کے باوجود عمران خان نے بددیانتی سے کام لیتے ہوئے اس معاملے میں مجھے ملوث کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا عمران خان نے تقریباً دو برس قبل لاہور کے جلسے میں اعلان کیا تھا میں آئندہ جھوٹ نہیں بولوں گا لیکن عمران خان کے بیانات گواہ ہیں ان کی سیاست کا محور ہی جھوٹ اور الزام تراشی پر ہے۔ میں عمران خان کو چیلنج کرتا ہوں وہ میرے خلاف اپنا الزام ثابت کریں یا میڈیا پر آکر معافی مانگیں۔