ممکنہ دہشت گردی، سکیورٹی ہائی الرٹ، مشکوک افراد، گاڑیوں کی سخت چیکنگ
لاہور(نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت میں دہشت گردوں کے داخلے کی اطلاع پر گزشتہ روز پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سکیورٹی ہائی الرٹ کرکے شہر بھر میں ناکے لگائے تھے جبکہ نماز جمعہ کے وقت مساجد، امام بارگاہوں اور جمعہ کے اجتماعات کی سکیورٹی کے لئے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ حساس اداروں کی اطلاع کہ لاہور میں دہشت گرد کوئی بڑی کارروائی کرسکتے ہیں، پر پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر بھر میں گزشتہ روز سکیورٹی ہائی الرٹ کی تھی۔ شہرکے داخلی راستوں کی کڑی نگرانی اور اہم سرکاری عمارات، بس و ویگن سٹینڈز اور کاروباری و تجارتی مراکز اور بازاروں میں سفید پارچات میں نفری تعینات تھی۔ لاہور پولیس نے گزشتہ روز ہر تھانے کی حدود میں لوہے کے بیرئیر لگا کر ناکے لگائے تھے۔ جہاں تعینات اہلکار مشکوک اور بڑی گا ڑیوں کو روک کر چیک کرتے رہے جبکہ شہرمیں پولیس گشت میں بھی اضافہ کردیا گیا تھا۔ نمازجمعہ کے لئے مساجد اور امام بارگاہوں میں نمازیوں کو میٹل ڈیٹکٹر سے تلاشی لے کر اندر داخل ہونے دیا گیا۔ مساجد اور امام بارگاہوںسے ملحقہ اونچی عمارتوں پر بھی پولیس اہلکار تعینات تھے جبکہ دینی درسگاہوں، مساجد اور امام بارگاہوں کے قریب گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کی اجازت نہیں تھی۔