توانائی بحران معاشی سرگرمیوں کو متاثر کر رہا ہے، جلد قابو پا لینگے: صدر
لاہور (کامرس رپورٹر) صدر سید ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے سخت کوششیں کر رہی ہے۔کاروباری طبقہ معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، معاشی اہداف کے حصول میں اس کا کردار بہت اہم ہے۔ وہ غیرملکی سفیروں کے اعزاز میں لاہور چیمبر کے سالانہ عشائیے سے خطاب کر رہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز، سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر، نائب صدر سید محمود غزنوی، سٹینڈنگ کمیٹی برائے ڈپلومیٹک، فارن مشن اور ایمبیسی لائزن محمد ہارون اروڑا، ڈین آف ایمبیسڈرز روڈولفو جے مارٹن ساراویا نے بھی خطاب کیا۔ سابق صدور، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اور وفاقی وزرا نے بھی عشائیے میں شرکت کی۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ حکومت صنعت و تجارت کو درپیش مسائل کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے، توانائی کا بحران معاشی سرگرمیوں کو متاثر کر رہا ہے مگر جلد ہی اس پر قابو پا لیا جائے گا۔ لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکومتی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کو دیگر ممالک کی مارکیٹوں تک بھرپور رسائی ملنی چاہئے کیونکہ پاکستان نے دنیا کو دہشت گردی سے چھٹکارا دلانے کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں۔ تجارتی وفود کا تبادلہ اور نمائشوںکا انعقاد تجارت کے فروغ میں اہم کردارادا کرتا ہے مگر اس کے لئے ویزا کے اجراءکا عمل بہت آسان ہونا چاہئے۔ پاکستان وسائل سے مالامال اور جغرافیائی حوالے سے اہم مقام کا حامل ہے، پاکستان میں دیگر ممالک کے سفیر اپنے اپنے ممالک کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیں۔ پاکستان کو توانائی کے بحران کا سامنا ہے اگرچہ حکومت اس پر قابو پانے کے لئے سخت محنت کررہی ہے لیکن ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ غیرملکی سرمایہ کار پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرکے بھاری فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے غیرملکی سفیروں پر زور دیا کہ وہ اپنے ممالک میں پاکستان کی بہترین ساکھ اجاگر کریں جسے بین الاقوامی میڈیا نے بہت نقصان پہنچایا ہے۔ پاکستان پرامن ملک ہے۔ انہوں نے معاشی بحالی کے لئے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جی ڈی پی کی شرح نمو، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، برآمدات بڑھنا، روپے کی قدر میں استحکام، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ، ٹیکس وصولی بڑھنا اور انفراسٹرکچر کی بہتری اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ حکومت ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے صنعت و تجارت اور معیشت کے لئے ہمیشہ بہترین خدمات سرانجام دینے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے غیرملکی سفیروں کو پاکستان کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا یہ وسط ایشیائی ریاستوں تک رسائی کا بہت اہم ذریعہ ہے، وہ اپنی حکومت کو پاکستان کے ساتھ تجارتی و معاشی تعاون بڑھانے پر آمادہ کریں۔ دریں اثناءصدر ممنون حسین نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی نامزد مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے ملاقات کی۔ صدر نے مستقل مندوب نامزد ہونے پر انہیں مبارکباد دی۔ صدر ممنون حسین نے کہا امید ہے کہ ملیحہ لودھی پاکستانی قوم کی توقعات پر پورا اترینگی۔ ملیحہ لودھی نے کہا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے مفادات کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر کئی طرح کے چیلنجوں کا سامنا ہے، ڈاکٹر ملیحہ لودھی جیسی تجربہ کار اور مدبر سفیر کی تعیناتی دانشمندانہ فیصلہ ہے۔ ملیحہ لودھی نے یقین دلایا کہ وہ عالمی ادارے میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے اور ملکی مفادات کے تحفظ کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گی۔ دریں اثناءصدر ممنون حسین نے ہدایت کی ہے کہ پاکستانی جامعات میں دنیا میں متعارف ہونے والے نئے علوم اور ٹیکنالوجیز متعارف کرائی جائیں۔ اس سلسلے میں توانائی سے متعلق علوم کو خاص اہمیت دی جائے۔ صدر مملکت نے یہ بات کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ریکٹر ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
صدر ممنون