گلشن راوی: ڈاکوئوں نے پسٹل مار کر 2 شہری زخمی کردیئے‘ نوجوان پرتشدد

لاہور (نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران کئی شہریوں کو لوٹ لیا۔ گلشن راوی میں 5 ڈاکوئوں نے فیصل کے گھر سے 10 لاکھ روپے مالیت کی ملکی و غیرملکی کرنسی، موبائل فون اور طلائی زیورات لوٹ لیے۔ اسلام پورہ میں ڈاکوئوں نے سلیمان سے موبائل فون اور نقدی چھیننے کے بعد مزاحمت پر اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ جوہر ٹاون ڈاکٹرز ہسپتال کے قریب دو ڈاکوئوں نے کار سوار ماڈل ماہی اور ڈانس ڈائریکٹر جگنو بٹ کو لوٹنے کی کوشش کی تو مزاحمت پر ڈاکوئوں نے پسٹل کا بٹ مار کر گاڑی کا شیشہ توڑ دیا اور فرار ہوگئے۔ گلشن راوی کے علاقہ ملتان روڈ پر 5 ڈاکوئوں نے سمن آباد ٹائون کے ٹھیکیدار عبدالحفیظ، کیشئر ذوالفقار اور دوملازمین مشتاق اور یعقوب سے 30 ہزار روپے اور دو موبائل فون لوٹ لیے مزاحمت پر ڈاکوئوں نے مشتاق اور یعقوب کو پسٹل کے بٹ مار زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔ پرانی انار کلی میں عاطف کی دکان سے 40ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا۔ نواں کوٹ میں ڈاکوئوں نے عمران خلیل کی دکان سے 65ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا۔ مسلم ٹائون میں ندیم آفتاب کے گھر سے اس کا ملازم جہانگیر اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ 18ل اکھ روپے مالیت کا سامان چوری کرکے لے گیا۔ ہربنس پورہ میں دو ڈاکو احمد کے گھر داخل ہوئے شور پر محلے دار اکٹھے ہوگئے اور دونوں ڈاکوئوں کو قابو کرکے پولیس کے حوالے کردیا۔ سول لائن میں ڈاکوئوں شریف سے 5 ہزار روپے اور موبائل فون، گجرپورہ میں ندیم شریف سے 50 ہزار روپے اور موبائل فون، باٹاپور میں حفیظ اور شاہد سے 5ہزار اور دو موبائل فون، ماڈل ٹائون میں بشارت اور اس کی بیوی سے 20 ہزار کی نقدی اور موبائل فون، اسلام پورہ میں زاہد جمشید سے 27 ہزار روپے اور موبائل فون، اقبال ٹائون میں ڈاکوئوں نے عبدالقدوس سے 28 ہزار روپے اور موبائل فون، گارڈن ٹائون میں طارق سعید سے 75 ہزار روپے، 60 درھم اور موبائل فون، لیاقت آباد میں ڈاکوئوں نے تنویر حسین سے 12 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیے۔ برکی میں نواز خان کا 75 ہزار روپے، کاہنہ میں ذوالفقار کا 25 ہزار روپے مالیت، نشتر کالونی میں سرور کی دکان سے 90 ہزار روپے مالیت کا سامان چوری ہوگیا۔ کوٹ لکھپت میں بشیر کی حویلی سے اس کی 90 ہزار روپے مالیت کی دو بھینسیں چوری ہوگئیں۔ چوروں نے شہر کے مختلف علاقوں میں وارداتوں کے دوران سول لائن، گڑھی شاہو، جوہر ٹائون، چوہنگ، ملت پارک، ساندہ، لیاقت آباد، گلبرگ، رنگ محل اور مصری شاہ سے 10 موٹرسائیکلیں جبکہ لٹن روڈ، ہنجروال، ستوکتلہ، غازی آباد، ڈیفنس سے ایک ایک جبکہ ٹائون شپ سے دو کاریںچوری کرلیں۔ علاوہ ازیں نصیرآباد کے علاقہ فیروزپور روڈ پر شوکت خانم ہسپتال کے کولیکشن سنٹر میں 6 ڈاکوئوں نے گھس کر عامر یونس اور سہیل سے 1 لاکھ روپے نقدی‘ 2 موبائل فون لوٹ لیے اور باہر کھڑی دو موٹرسائیکلیں لے کر فرار ہوگئے۔