شعیب اخترکو بھارتی نائٹ کلب میں ڈانس کرتے ہوئے پکڑا تھا: وسیم اکرم 1999ء میں نائٹ کلب میں آدھی ٹیم موجود تھی وسیم بھائی نے صرف مجھے پکڑا: شعیب
لاہور (این این آئی) قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 1999ء میں دورہ بھارت کے دوران شعیب اختر کو ہوٹل کے نیچے موجود نائٹ کلب میں ڈانس کرتے ہوئے پکڑا تھا۔ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ دورہ کے دوران شعیب اختر نے ایک میچ میں 2 اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ہم کولکتہ کے تاج ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے اور میں کپتان تھا۔ میں نے شعیب اختر کو ہدایت کی کہ نائٹ کلب میں بالکل بھی نہیں جانا تاہم جب میں کھانا کھا کر باہر نکل رہا تھا تو دیکھا کہ شعیب اختر سٹیج پر چڑھا ہوا ہے اور شرٹ اتار کر ڈانس کر رہا ہے ۔ میں نے شعیب اختر کو کان سے پکڑا اور اسکے کمرے میں چھوڑ کر آیا۔ پروگروام میں شعیب اختر نے ہنستے ہوئے کہا کہ وسیم بھائی میں نائٹ کلب نہیں گیا تھا بلکہ وہاں شفٹ ہوا تھا۔ انہوں نے حاضرین کو بتایا کہ نائٹ کلب میں آدھی ٹیم موجود تھی لیکن وسیم بھائی نے صرف مجھے ہی پکڑا۔