قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور کا کوٹ لکھپت جیل کا دورہ
لاہور(اے پی پی )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور نے چیئرمین بابر نواز کی سربراہی میں کوٹ لکھپت جیل لاہور کا دورہ کیا ،ڈی آئی جی جیل خانہ جات ملک مبشر احمد خان نے کمیٹی کوجیل میں فلٹریشن پلانٹ‘ واٹر چلر کی تنصیب سمیت قیدیوں کی فلاح و بہبود کیلئے کئے گئے مختلف اقدامات اور منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ کمیٹی کے جیل کے دورہ کے دوران خاتون بھارتی قیدی اور4غیرملکیوں نے سزا پوری ہونے پر کمیٹی سے رہائی کی درخواست کی جس پر چیئرمین کمیٹی نے قانونی طور پر جائزہ لینے کی یقین دہانی کروائی،بریفنگ کے دوران ڈی آئی جی جیل خانہ جات ملک مبشر احمد خان نے کمیٹی کو بتایا کہ جیل میں قیدیوں کی بنیادی مذہبی اور فنی تعلیم کا خاص خیال رکھا جاتا ہے، ڈی آئی جی نے کمیٹی کو بتایا کہ ٹیوٹا کے ساتھ حال ہی میں کوٹ لکھپت جیل کا معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت جیل کے اندر ورکشاپس اور ٹیکنیکل سنٹرز بنائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جو قیدی تربیت حاصل کریں گے ان کو دیئے جانیوالے ڈپلومہ پر سزا یافتہ نہیں لکھا جائیگا۔ چیئرمین کو بتایا گیا کہ اس پر سزاء یافتہ درج کیا جاتا ہے جس پر چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ وہ حکومت سے سفارش کریں گے کہ تعلیمی بورڈز سے جو قیدی سندیں حاصل کرتے ہیں ان پر بھی سزا یافتہ نہ لکھا جائے۔