پولیو ویکسین و انجیکشن کا استعمال شرعاً جائز ہے: راغب نعیمی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) علامہ راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ پولیو ویکسین وانجکشن کا استعمال شرعا جائز ہے۔ پولیو ویکسین کے حرام، مضر صحت اور بانجھ پن کا باعث بننے کا پراپیگنڈا منفی ہے اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں حکومت وقت کی ذمہ داری ہے کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام تروسائل کو بروئے کار لائے اور جولوگ قطرے پلوانے سے انکار کریں ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے، پولیو فری پاکستان کے قیام کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روٹری کلب انٹرنیشنل کے زیر اہتمام جامعہ نعیمیہ میں منعقدہ ’’اینڈ پولیو سیمیناربعنوان پولیو کے خاتمہ کے لیے علماء دین کا کردار‘‘ میںپولیو کے بارے تفصیلی وتاریخی فتویٰ جاری کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ورکن قومی اسمبلی پرویز ملک، خواجہ سلمان رفیق، کرکٹر کامران اکمل، حاجی محمد حنیف طیب، عزیز میمن، معروف کالم نگار اجمل نیازی، صدر آر سی ایل محمد عرفان چوہدری، صاحبزادہ سلطان احمد، گورنر روٹری کلب انٹر نیشنل ساجد پرویز بھٹی، شاہد بشیر، اور رکن پنجاب اسمبلی نبیرئہ عندلیب سمیت دیگر نے بھی خیال اظہار کیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پولیو مہم میں علماء و مشائخ کا تعاون خوش آئند بات ہے۔ پرویز ملک نے کہا کہ دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ پولیو کا ناسور معاشرے سے ختم کیا جائے۔ ساجد پرویز بھٹی نے کہا پولیو کے خاتمے کے لیے 2016 آخری سال ہو گا۔ ڈاکٹر اجمل نیازی نے کہا کہ پولیو ویکسین کے قطرے بچوں کو ہر صورت پلائیں جائیں۔ پولیو فری پاکستان کے لیے ہمیں مل کر کوشش کرنا ہو گی۔