بھارت سفارت کاری اور پاکستان مخالف ٹی وی چینلز مہم میں بھاری سرمایہ کاری کر رہا ہے: ویثنری فورم
لاہور (خبر نگار) پاکستان اقوا م متحدہ کی سلامتی کونسل کے آئندہ اجلاس میں بھارتی را ایجنسی کے پاکستان میں دھشت گردی کروانے کے ثبوت بھرپور انداز میں پیش کرے اگر ایسا نہ کیا تو سول ملٹری تعلقات متاثر ہو نے کا خدشہ ہے۔ بھارت پاکستان کو دنیا میں بطور دہشت گرد ملک متعارف کروانے کی خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہے جبکہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے۔ بھارت سفارت کاری اور پاکستان مخالف ٹی وی چینلز کی مہم میں بھاری سرمایہ کاری کر ر ہا ہے بالخصوص افغانستان میں جبکہ پاکستانی سفارت کاری ابھی تک اتنی فعال نظر نہیں آرہی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ویثنری فورم کی پاک بھارت تعلقات کے حوالہ سے ٹیک کلب میں ہونیوالی کانفرنس کے دوران مقررین نے کیا۔کانفرنس سے سابق وزیر مملکت قیوم نظامی، پروفیسر ڈاکٹر مغیث الدین شیخ، سلمان عابد، ڈاکٹر صادق، پروفیسر ڈاکٹر عطیہ ، پروفیسر مشکور ، ڈاکٹر حسیب اللہ، وحید حامد، محمود الرحمن چغتائی، خالد سلیم، عمران افضل، محمد عظیم اور یعقوب چودھری نے اظہار خیال کیا۔ مقررین نے کہا بدقسمتی سے بھارت پاکستان کے ساتھ مذاکرات کو پاکستان کی کمزوری کی نظر سے دیکھتا ہے۔