طویل لوڈشیڈنگ جاری، پانی بھی نایاب شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا
لاہور (نامہ نگاران) کئی شہروں میں طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا۔ تفصیلات کے مطابق واپڈا کی طرف سے ڈونگہ بونگہ اور گرد و نواح میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے عوام اور کاروباری لوگوں کی مشکلات میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ محنت کش بیکار فاقہ کشی کا شکار، مریض، بچے، بوڑھے، خواتین اور سفید پوش طبقہ ذہنی دبائو کا شکار ہیں۔ طلباء و طالبات کی امتحان و سکول کی تیاری متاثر ہو رہی ہے۔ گھروں میں پینے کیلئے، مساجد میں وضو کیلئے پانی نایاب، یونین کونسل والے کاغذی کارروائیاں کر کے فرضی بل بنانے لگے۔ علاوہ ازیں نامہ نگار کے مطابق شکرگڑھ میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ، گرڈ سٹیشن شکرگڑھ میں بجلی کے نظام میں خرابی کے خلاف بار ایسوسی ایشن شکرگڑھ نے دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال کرتے ہوئے زبردست احتجاج کیا۔ صدر شکرگڑھ بار چودھری رسول بخش چیچی، جنرل سیکرٹری بار زین العابدین نے کہا اگر شکرگڑھ میں جلد از جلد بجلی کا نظام بہتر نہ ہوا تو ہم احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے واپڈا دفاتر کا گھیرائو کریں گے اور سڑکوں پر بھی نکلنے سے گریز نہیں کریں گے۔ رانا امیر خان ایڈووکیٹ، گل صبور خان، محمد زاہد چودھری، سابق صدر بار چودھری حسن نظامی، سابق صدر بار چودھری محمد اکرم نسیم نے کہا شکرگڑھ میں بجلی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے جلد اقدامات کئے جائیں۔
لوڈشیڈنگ/ احتجاج