بینکوں میں زکوٰۃ کی کٹوتی‘ متعدد کھاتہ داروں نے پہلے ہی رقم نکلوالی
لاہور (کامرس رپورٹر) ملک میں گزشتہ روز بینکوں نے زکواۃکی کٹوتی کے لئے لین دین بند رکھا عموماً بینکس زکوٰۃ کی کٹوتی یکم رمضان کو کرتے ہیں لیکن اس مرتبہ اتوار کو یکم رمضان ہونے کے باعث بینکوں نے زکوٰۃ کی کٹوتی پیر 2 رمضان میں کی ہے۔ سٹیٹ بینک نے اس سال زکواۃ کی کٹوتی کیلئے نصاب 38 ہزار 4 سو 6 روپے مقرر کیا ہے۔ زیادہ تر کھاتہ داروں نے خود زکواۃ دینے کی خواہش یا حکومت کو زکوٰۃ کی رقم دینے سے بچنے کیلئے بینکوں کو زکواۃ کی کٹوتی سے روک دیایا سیونگ اکاؤنٹس سے رقم منتقل کر لی۔ گزشتہ سال یکم رمضان میں حکومت کو بینک کھاتوں سے زکوٰۃ کی کٹوتی سے مجموعی طور پر 6 ارب 36 کروڑ 50 لاکھ روپے حاصل ہوئے۔ تاہم اگر ڈیپازٹس میں موجود تمام قابل زکوٰۃ رقم سے کٹوتی ہوتی تو 164 ارب روپے سے زیادہ رقم حکومت کو ملتی۔ سٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ سال جون میں بینکوں میں سیونگ اور فکسڈ ڈپازٹس میں مجموعی طور پر 66 کھرب 26 ارب روپے جمع تھے لیکن زکوٰۃ کی کٹوتی صرف 2 کھرب 50 ارب روپے پر ہی ہوسکی۔ زکوٰۃ کی لازمی کتوتی سے بچنے کیلئے پیشتر کھاتہ دار خود زکوٰۃ دینے کے بارے میں بینک میں بیان حلفی جمع کرانے کا علاوہ سیونگ اکاؤنٹس میں موجود رقم کا ڈرافٹ بنوا لیتے ہیں یا رقم ایک دو روز کیلئے کرنٹ اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کرا لی جاتی ہے۔