کشمیری شہداء کے جنازے بھارت کو اپنا فیصلہ سنا رہے ہیں: عبدالرحمن مکی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) دفاع پاکستان کونسل و جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارت انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کر رہا ہے ۔ کشمیری پاکستان کے نام پر اپنی جانیں قربان کررہے ہیں اور ہماری حکومت کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنے والوں کی نظربندیوں میں مصروف ہے۔ پاکستانی پرچم میں لپٹے کشمیری شہداء کے جنازے بھارت کو اپنا فیصلہ سنارہے ہیں ۔حزب المجاہدین کے کمانڈر سبزار احمد اور 12کشمیریوں کی شہادت بدترین ریاستی دہشت گردی ہے۔ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ پاکستانی افواج سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ جماعۃ الدعوۃ نے سال2017ء کو کشمیر کے نام کیا اور کشمیریوں کی آواز کو ہرگھر میں پہنچانے کا عزم رکھتی ہے۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں یوم تکبیر سیمینار و افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر فیاض احمد مسئول جماعۃ الدعوۃ فیصل آباد، ثاقب مجید، حافظ سلمان احسن و دیگر نے خطاب کیا۔ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا کہ کشمیری نوجوان کو بھارتی فوج جیپ کے آگے باندھنے والے افسر کو مودی سرکار ایوارڈ سے نواز رہی ہے ۔ برہان وانی کی شہادت کے بعد سے کشمیر میں بھارتی مظالم بڑھ چکے ہیں۔ برہان وانی کے جانشین کی شہادت سے ظاہر ہورہا ہے کہ بھارت کشمیر میں مسلسل شکست کھا رہا ہے۔ نہتے کشمیریوں پر بھارت اسرائیل کی مدد سے مظالم ڈھا رہا ہے۔ بھارتی آرمی کے سابقہ چیف، انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان اور بھارتی تجزیہ نگار نوشتہ دیوار پڑھ چکے ہیں اور محسوس کررہے ہیں کہ کشمیر بھارت کے ہاتھوں سے نکل چکا ہے ۔