حافظ سعید نظربندی کیس: سرکاری وکیل کو ریویو بورڈ کی رپورٹ پیش کرنے کیلئے 2 روز کی مہلت
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید کی نظربندی کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت کے وکیل کو ریویو بورڈ کی رپورٹ پیش کرنے کیلئے دو روز کی مہلت دیدی ہے۔ جسٹس عبدالسمیع خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت شروع کی تو سرکاری وکیل نے کہا کہ وفاقی نظرثانی بورڈ نے نظربندی میں توسیع کے حوالہ سے فیصلہ کر دیا ہے‘ لیکن ابھی تک ہمارے پاس پہنچا نہیں ہے۔ اس لئے مزید وقت دیا جائے جس پر حافظ محمد سعید کے وکیل نے کہا کہ 29 اپریل کو جماعۃ الدعوۃ کے رہنمائوں کی نظربندی کے تین ماہ مکمل ہو چکے ہیں۔ آئین کے آرٹیکل (4) 10 کے تحت حافظ محمد سعید و دیگر کی نظربندی کی مدت ختم ہونے سے قبل ریویو بورڈ کے روبرو انہیں پیش کرنا اور ان کا مؤقف سننا ضروری تھا‘ تاہم اس کیس میں ایسا نہیں کیا گیا۔ عدالت نے مزید سماعت یکم جون جمعرات تک ملتوی کر دی ہے۔ سماعت کے دوران جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرحمن مکی سمیت وکلائ‘ سول سوسائٹی اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔