پنجاب کا بجٹ عوام دوست ہو گا: صوبائی وزرا
لاہور(خصوصی رپورٹر)صوبائی وزراء و سابق صوبائی وزرا نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ کی طرح پنجاب کا صوبائی بجٹ 2017-18بھی عوامی بہبود کیلئے ہو گا۔صوبائی وزیر سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب نے ترقیاتی پراجیکٹس کی تیزی سے تکمیل کا جو ریکارڈ قائم کیا ہے آنے والا بجٹ اس کی تصویر ہو گا۔ وہ پنجاب اسمبلی کی عمارت میں نوائے وقت سے گفتگو کر رہے تھے۔ایم پی اے اعجاز شفیع نے کہا ہے کہ پنجاب کا بجٹ بھی وفاق کی طرح عوامی امنگوں کے مطابق ہو گا۔ وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی رانا محمد ارشد نے کہا کہ پنجاب حکومت اس سال تاریخ کا بڑا اور عوام دوست بجٹ پیش کرے گی۔ حکومت کی پہلی ترجیحی نوجوانوں کیلئے اعلیٰ تعلیم کے منصوبوں کے ساتھ ساتھ ہنرمندی کے شعبوں کو وسعت دینے کیلئے بجٹ کا بڑا حصہ مختص کرنا ہے۔ صوبائی وزیر منشا اللہ بٹ نے کہا کہ پنجاب کا آنے والا بجٹ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا آئینہ دار ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت کرنے والے حکومت کے نہیں بلکہ عوام کے دشمن ہیں۔