بارش: دریائوں میں سیلاب کا خطرہ‘ لوئر دیر‘ مکان منہدم‘ 2 بچے جاں بحق
لاہور+ تیمرگرہ (نیوز رپورٹر+ اے پی پی+ نامہ نگاران) مون سون کی تیز بارشوں کے بعد پاکستان میں بہنے والے دریائوں میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ جس سے زراعت اور خصوصاً کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچانے کا خدشہ زیادہ ہوگیا ہے۔ جبکہ لوئر دیر میں شدید بارش کے باعث مکان منہدم ہوگیا جس کے باعث 2 بچے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے جبکہ سمبڑیال میں نالہ ایک کا پانی موضع کھرولیاں‘ بلو چک میں بھی پہنچ گیا جس سے سینکڑوں ایکڑ اراضی زیر آب آگئی جبکہ لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ قلعہ احمد آباد میں 13 سالہ لڑکا برساتی نالے میں ڈوب گیا۔ بتایا گیا ہے کہ دریائے راوی اور دریائے چناب میں سیلاب کے خطرات کے پیش نظر محکمہ آبپاشی نے حفاظتی انتظامات تو کافی حد تک مکمل کرلئے ہیں مگر ابھی تک تمام پشتوں اور بیراجز کے اردگرد کے علاقوں کو مکمل طور پر محفوظ نہیں بنایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ 9 سے 15 روز کے اندر دریائے چناب اور دریائے راوی میں زیادہ پانی آسکتا ہے جس کی وجہ سے پاکستان میں ان دریائوں کے اردگرد کھڑی فصلوں کو سیلاب سے شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ صوبائی حکومتوں کے زیرانتظام محکمہ آبپاشی نے سیلاب سے بچائو کی حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کیلئے تاحال کوئی کمیٹی تشکیل نہیں دی۔ اے پی پی کے مطابق جمعہ کو لوئردیر کے علاقہ خادگزئی میں شدید بارش کے نتیجے میں میاں گل نامی شخص کے مکان کا ایک حصہ منہدم ہوگیا جس کے نتیجے میں اس کے دو بچے جلوہ اورگلشن جاں بحق ہوگئے۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت جاں بحق ہونے والے بچوں کو ملبے سے نکالا۔ قلعہ احمد آباد سے نامہ نگار کے مطابق نواحی موضع کھیمووالی میں ناصر محمود کا 13سالہ بیٹا ابوہریرہ ساتھ بہنے والے برساتی نالہ میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا جس کی نعش نکال لی گئی ہے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگارکے مطابق محکمہ ایری گیشن نے ہیڈمرالہ کے مقام پر دریائے چناب سے نکلنے والی نہر مرالہ راوی لنک کو بند کردیا۔ سمبڑیال سے نامہ نگار کے مطابق نالہ ایک کا پانی تحصیل سمبڑیال کے موضع کھرولیاں، بلو چک میں بھی پہنچ گیا جس سے سینکڑوں ایکڑ اراضی زیرآب آگئی۔بدوملہی سے نامہ نگار کے مطابق علامہ اقبال9اپ ایکسپریس ٹرین لاہور سے سیالکوٹ جاتے ہوئے سیلابی صورت حال کے باعث چونڈہ سٹیشن سے آگے نہ جاسکی۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار کے مطابق نالہ ڈیک اور نکی ڈیک میں پانی کی طغیانی کی وجہ سے موضع لدھیکی کے قریب حفاظتی بند ٹوٹنے سے درجنوں گائوں اور ڈیرہ جات مکمل طور پر زیرآب آگئے جہاں پر متعلقہ محکمہ کے علاوہ دیگر محکموں کی امدادی سرگرمیاں ابھی تک شروع نہیں ہوسکیں جس کی وجہ سے پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا ہے جبکہ لاہور روڈ کے درجنوں گائوں اور ڈیرہ جات بھی پانی کی وجہ سے مکمل طور پر زیرآب آگئے ہیں۔ صباح نیوز کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم بالائی پنجاب، خیبرپی کے، اسلام آباد اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، بالائی علاقوں میں بارش کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔دریائوں میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے۔