پی ٹی آئی کی حکومت مخالف تحریک کیلئے تیاریاں مکمل‘ مرکز پنجاب ہو گا
لاہور (فرخ سعید خواجہ) نواز شریف حکومت کے خلاف پی ٹی آئی نے فیصلہ کن تحریک شروع کرنے کی تیاریاں مکمل کر لیں۔ عمران خان نے پارٹی قیادت اور باہر کے دوستوں سے مشاورت کے بعد وزیراعظم اور ان کے خاندان کے افراد کو بیک وقت نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریک کا مرکز صوبہ پنجاب ہو گا۔ کارکنوں اور حامیوں کو میدان میں لانے کے لئے صوبہ پنجاب کے چار نئے ریجنل صدور کو ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ وزیراعظم اور ان کے خاندان کے افراد کے خلاف نیب اور الیکشن کمشن میں دائر ریفرنسوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور دونوں اداروں پر عوامی دباؤ کے ذریعے کارروائی کو تیز تر کروایا جائے۔ اس مقصد کے لئے عمران کی ہدایت پر شاہ محمود قریشی‘ جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان کے علاوہ تحریک انصاف کے دیگر صوبوں سے منتخب ممبران قومی اسمبلی بھی لاہور پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔ عوام رابطہ مہم کے ساتھ ساتھ میڈیا کے محاذ پر نواز شریف اور ان کے خاندان کے بارے میں دستاویزات پیش کی جائیں گی۔ یکم اگست سے ان رہنماؤں کی لاہور آمد کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔