پورا یقین ہے مراد علی شاہ عوامی خواہشات پر پورا اترینگے: زرداری‘ گورنر سندھ‘ شجاعت کی بھی مبارکباد‘ وٹو کی حلف برداری میں خصوصی شرکت
لاہور+ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ ایجنسیاں) سندھ کے نومنتخب وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی تقریب حلف برداری میں پیپلز پارٹی کے رہنما میاں منظور وٹو نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ دریں اثناء ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے سید مراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے سید مراد علی شاہ کو سندھ کا وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی کے ارکان کی کثیر تعداد نے مراد علی شاہ کو منتخب کیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں مراد علی شاہ کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں تمام درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ مکمل یقین ہے کہ نئے منتخب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ عوام کی خواہشات پر پورا اتریں گے۔ انہیں بہت سارے چیلنج درپیش ہیں لیکن وہ اپنی صلاحیتوں سے کامیابی کے ساتھ تمام چیلنجوں سے نمٹنے میں کامیاب ہوںگے۔ مراد علی شاہ کے لیے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے چیلنج بھی ہے اور موقع بھی۔ انہوں نے مراد علی شاہ کو مشورہ دیا کہ وہ اللہ تعالیٰ پر یقین رکھتے ہوئے اس موقع سے فائدہ اٹھائیں گے اور ہمت، حوصلے اور عز م کے ساتھ بلا کسی خوف کے سندھ کے عوا م کی بے غرض خدمت کریں گے۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے نومنتخب وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کو مبارکباد دی اور کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔