لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھ گیا، لوگوں کو مشکلات، نارنگ منڈی میں مظاہرہ
لاہور (کامرس رپورٹر) بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ اور پیداوار میں کمی کے باعث اس کا شارٹ فال مزید بڑھ گیا جس کے باعث لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا، لوڈشیڈنگ کے خلاف نارنگ منڈی میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاور پلانٹس کو گیس کی فراہمی میں کمی کے باعث پیداوار میں کمی ہوئی ہے۔ دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں حبس اور درجہ حرارت بڑھنے سے بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا ہے۔ صنعتوں کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے باعث شارٹ فال کا تمام بوجھ گھریلو اور کمرشل صارفین کو برداشت کرنا پڑا۔ گزشتہ روز شہروں میں 6 سے 8 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس وقت گیپکو کو 652 میگاواٹ کے شارٹ فال کا سامنا ہے اور اسی باعث گیپکو کی طرف سے کئی گھنٹوں کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ گوجرانوالہ اور گردونواح کے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹوں سے بھی تجاوز کر چکا ہے۔ کوہلو والہ، نوشہرہ ورکاں، فیروزوالہ، گکھڑ اور گردونواح میں غیراعلانیہ بجلی کی بندش کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد اور گردونواح میں بجلی کی 12 گھنٹے تک کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہری نڈھال ہو کر رہ گئے۔ بجلی کی طویل بندش نے لوگوں کے کاروبار ٹھپ کرنا شروع کردیئے۔ چک امرو سے نامہ نگار کے مطابق قصبہ نورکوٹ میں کئی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ پر شہریوں نے احتجاج کیا۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق نارنگ منڈی کے نواحی دیہات ڈیرہ اشرف پورہ احمد آباد اور سرحدی گائوں سترائیاں میں کئی روز سے بجلی کی بندش سے ستائے ہوئے دیہاتیوں احتجاجی مظاہرہ کیا اور الزام لگایا کہ واپڈا کا عملہ نیا ٹرانسفارمرکی تنصیب کیلئے بھاری رشوت طلب کر رہا ہے جبکہ دو ہفتوں سے ٹرانسفارمر جل چکے ہیں۔ دونوں دیہات کے عوام قیامت خیزگرمی میں شدید پریشانی میں مبتلا ہیں، لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے فوری بجلی کی بحالی اور نئے ٹرانسفارمر لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔