ایوان صدر میں آصف زرداری سے مسلم لیگ (ق) کے رہنما چودھری پرویز الٰہی کی ملاقات پنجاب کی حکومتوں میں اشتراک عمل کے معاملات طے پا گئے۔ ذرائع

لاہور (فرخ سعید خواجہ) ایوان صدر میں بدھ کو رات گئے صدر آصف زرداری سے مسلم لیگ (ق) کے رہنما چودھری پرویز الٰہی کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان مرکز اور پنجاب کی حکومتوں میں اشتراک عمل کے معاملات طے پا گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان جمہوری نظام چلانے کے لئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس ملاقات میں طے پانے والے معاملات کو فروری کے دوسرے ہفتے میں عملی شکل دی جائے گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق پیپلز پارٹی اور ق لیگ کے درمیان حکومت میں اشتراک کے لئے ابتدائی مفاہمت طے پا گئی ہے اور مفاہمت کو حتمی شکل دینے کے لئے چودھری پرویز الہٰی‘ مونس الہٰی اور وجاہت حسین نے صدر زرداری سے تین ملاقاتیں کیں۔ ذرائع کے مطابق معاہدہ طے کرنے کے لئے ق لیگ کی اعلٰی قیادت نے پیپلز پارٹی سے مسلم لیگ ن کے بارے میں مرکز اور پنجاب میں واضح حکمت عملی اختیار کرنے پر اصرار کیا۔ ذرائع کے مطابق معاہدہ طے پانے کی صورت میں دونوں پارٹیاں سینٹ کے الیکشن میں مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں گی۔ ان ذرائع کے مطابق صدر نے فرحت اللہ بابر اور ڈاکٹر عاصم میں سے کسی ایک کو چیئرمین سینٹ بنانے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
زرداری / پرویز الہی