کرپشن میں ملوث چھوٹی بڑی مچھلیوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کی جائیگی : ڈی جی نیب پنجاب
لاہور (آئی این پی) ڈی جی نیب پنجاب سید برہان علی نے کہا ہے کہ کرپشن کرنے والا کوئی بھی ہو نیب سے نہیں بچے گا‘ چھوٹی بڑی مچھلیوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی ہو گی‘ جال میں بڑی مچھلی آئے یا چھوٹی کارروائی قانون کے مطابق ہی ہو گی۔ وہ ہفتہ کو یہاں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈی جی نیب پنجاب نے جوڈیشل کمپلیکس میں نیب کے پراسیکیوٹر آفس کا افتتاح بھی کیا۔ تقریب سے خطاب میں سید برہان علی نے کہا کہ کرپشن والا کوئی شخص معافی کا مستحق نہیں ۔ نیب میں سب کے ساتھ یکساں سلوک ہوتا ہے چاہے چھوٹی مچھلی ہو یا بڑی قانون سب کیلئے ایک ہے اور سب کے ساتھ قانون کے مطابق ہی نمٹا جاتا ہے۔