ڈرون حملے کے ملزم پکڑنے کیلئے خیبر پی کے پولیس واشنگٹن میں چھاپے مارے: رانا ثنائ

ڈرون حملے کے ملزم پکڑنے کیلئے خیبر پی کے پولیس واشنگٹن میں چھاپے مارے: رانا ثنائ

لاہور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی کا فیصلہ قومی اتفاق رائے سے ہونا ہے کسی اور طریقے سے نہیں، عمران خان کو جب ڈرون حملوں کے بارے مےں پتہ چل چکا ہے تو پھر ڈرون حملوں کے ملزم سی آئی اے چیف کی گرفتاری کیلئے پولیس کے ہمراہ واشنگٹن میں چھاپہ مار کر اسے گرفتار کر کے ہنگو میں مجسٹریٹ کے سامنے پیش کریں۔ نیٹو سپلائی کا معاملہ حیات آباد ٹول پلازہ پر کنٹینرز روکنے سے حل نہیں ہو گا۔ سپریم کورٹ کے علاوہ کوئی بھی بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں ردوبدل نہیں کر سکتا، 9 دسمبر کو پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول دیا جائے گا۔ پنجاب میں جنوری میں انتخابات ہو جائینگے۔ سانحہ راولپنڈی کے ملزمان کے خلاف دہشت گردی ایکٹ اور پولیس افسران کے خلاف پولیس رولز کے تحت کارروائی ہوگی۔ وزیراعظم نے نئے آرمی چیف کی تقرری صوابدیدی اختیارات کے تحت کی ہے، آج شروع ہونے والا پنجاب اسمبلی کا اجلاس دو ہفتے تک جاری رہے گا۔ سات بل منظور جبکہ پانچ آرڈیننس ایوان میں پیش کئے جائیں گے۔ وہ پنجاب اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی اجلاس میں امن وامان سمیت دیگر ایشوز پر بحث کے لئے آج سپیکر کی صدارت میں ہونے والے ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں اپوزیشن کی مشاورت سے فیصلہ کیا جائے گا۔ سانحہ راولپنڈی سے اٹھنے والی چنگاڑی کو کنٹرول نہ کیا جاتا تو یہ آگ پنجاب سمیت پورے ملک میں پھیل جاتی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کی سیاست پر پوری قوم ماتم کر رہی ہے کیونکہ عمران خان ملک میں اتفاق رائے کی کوششوں کو سبوتاژ کر رہے ہیں۔ عمران خان ملک کو مسائل کی بھٹی میں جھونک رہے ہیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور حکومت ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔ قومی اتفاق رائے پیدا کرنا ملک و قوم کی بہتری کا تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم عمران خان سے تقاضا کرتی ہے کہ وہ ہنگو واقعہ کے نامزد سی آئی اے چیف کو عدالت میں پیش کروائیں۔ سانحہ راولپنڈی کے ملزمان کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں گے۔ آن لائن کے مطابق رانا ثناءنے کہا کہ پوری قوم تحریک انصاف سے مطالبہ کرتی ہے کہ خیبر پی کے پولیس کی ریڈنگ پارٹی تشکیل دے کر واشنگٹن میں ڈرون حملے کے ملزم پکڑنے کیلئے چھاپہ مارا جائے۔