گرمی بڑھتے ہی شہروں میں 12 دیہات20 گھنٹے بجلی غائب لاہور میں کئی گرڈ بند
لاہور( نیوز رپورٹر+ نامہ نگار) موسم کے گرم ہوتے ہی لیسکو کا نظام جواب دینے لگا، لیسکو انتظامیہ نے شیڈول سے ہٹ کر فورس لوڈ شیڈنگ شروع کر دی۔ گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں لیسکو کے متعدد گرڈ سٹیشن بند رہے جبکہ گرڈ سٹیشن کے اندر پاور ٹرانسفارمر بھی خراب ہو گیا جس سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہو گیا۔ لاہور میں اقبال ٹائون، فیروز پور روڈ، کوئنز روڈ، مزنگ چونگی، جوہر ٹائون، واپڈا ٹائون، ٹائون شپ سمیت دیگر علاقوں میں بجلی بار بار بند ہوتی رہی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے بجلی میں کمی کے باعث لوڈ شیڈنگ میں دو گھنٹے اضافہ ہوا ہے۔ اپریل کے آخر میں پانی کی صورتحال بہتر ہو جائے گی، آبی ذخائر میں کمی کے باعث بجلی پیداوار میں کمی آئی۔ گرمی بڑھتے ہی بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ شروع ہو گئی، شہروں میں دورانیہ 12 دیہات میں 20 گھنٹے تک جا پہنچا۔ ننکانہ، کوٹ رادھاکشن، بھوئے آصل، سکھیکی، پتوکی، رجانہ، سرگودھا، کمالیہ، ساہیوال/ سرگودھا، جھنگ، لالیاں، سمندری، پاکپتن، کنجوانی، چیچہ وطنی، ساہیوال اور علی پور چٹھہ سمیت کئی شہروں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری بلبلا اٹھے۔ کاروباری طبقہ شدید متاثرہوا اور طلبا کو امتحانات کی تیاری میں شدید مشکلات کا سامنا، گھروں میں پانی نایاب ہو گیا اور رات کو مچھروں نے زندگی اجیرن بنا دی۔ قلعہ دیدار سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق شہر و گردو نواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کے ہوش اڑا دیئے۔ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ14گھنٹے کر دیا گیا۔ پانچ پانچ گھنٹے لگاتار بجلی بند کر دی جاتی ہے، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ چھانگا مانگا سے نامہ نگار کے مطابق چھانگا مانگا فیڈر پر مسلسل 11گھنٹے کی کربناک لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کی چیخیں نکال دیں بجلی منگل کے روز صبح8بجے معطل ہوئی اور شام7بجے بحال کی گئی۔ صباح نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تین روز کے دوران کراچی کا درجہ حرارت5سینٹی گریڈ بڑھا جو آنے والے دنوں میں مزید بڑھے گا، جب کہ یکم اپریل سے ملک بھر میں گرمی کی شدت بڑھنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ وفاق دارالحکومت سمیت ملک کے بالائی علاقے اگلے ہفتے ہلکی بارش سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گرد و نواح میں بجلی کی بدترین اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے شہر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 جبکہ دیہات میں 14 گھنٹے سے بھی تجاوز کر جانے کے باعث کاروبار زندگی بری طرح مفلوج ہو کر رہ گئی۔ کوٹ رادھاکشن سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق کوٹ رادھاکشن اور گرد و نواح کے متعدددیہاتوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ سولہ گھنٹے سے تجاوز کر گیا جس کی وجہ سے معمولات زندگی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ بھوئے آصل سے نامہ نگار کے مطابق 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا بھرکس نکال دیا۔ جس کی وجہ سے کاروباری حضرات شدید پریشان ہیں۔ سکھیکی سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی تھوڑی تھوڑی دیر بعد غیر اعلانیہ طویل وقفوں سے بندش کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا سرشام، رات اور دن میں دو دو گھنٹے بجلی بند ہونے سے صارفین پریشانہیں۔ پتوکی سے نامہ نگار کے مطابق غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے کاروباری زندگی مفلوج کرکے رکھ دی۔ کام کے نام پر صبح 10 سے شام 5 بجے تک اور کئی گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ معمول بن گیا ہے۔