پاکستان کی سیاست ذوالفقار علی بھٹو کی کرشماتی شخصیت نے تبدیل کردی، لبنیٰ چودھری
لاہور(خصوصی رپورٹر) پیپلزپارٹی کی صوبائی رہنما لبنیٰ چودھری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 4اپریل کو برسی پر قوم انہیں ان کی قومی وملی خدمات پر خراج تحسین پیش کرے گی، گزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست ذوالفقار علی بھٹو کی کرشماتی شخصیت نے تبدیل کردی ہے، قائداعظم کی وفات کے بعد سیاست کو ڈرائنگ روم تک محدود کرنے والے سیاستدانوں کو ذوالفقار بھٹو شہید نے اپنی عوامی سیاست کے ذریعے ناک آئوٹ کردیا، لاہور میں اسلامی کانفرنس کا انعقاد اور پاکستان کے لئے ایٹم بم بنانے کا آغاز سامراجیوں کو ایک آنکھ نہ بھایا اور عالم اسلام کے اس عظیم فرزند کو جرم بیگناہی میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا، انہوں نے کہا کہ 4اپریل پیپلزپارٹی اور جیالوں کے لئے تجدید عہد کا دن ہے کہ عوام کو شہید کے ویژن کے مطابق روٹی کپڑا مکان دلائیں گے۔